دہلی کے سنگم وہار علاقہ کے بعد اب امر کالونی کے ایک اے ٹی ایم سے دو ہزار
روپے کا چورن برانڈ نوٹ نکلا ہے۔ یہ معاملہ 7 مارچ کا ہے، جہاں گڑھی گاؤں
میں شيتلا ماتا مندر کے پاس آئی سی آئی سی آئی بینک کے اے ٹی ایم میں
چندن پیسے نکالنے آئے تھے۔ چندن نے اے ٹی ایم سے پیسے نکالے ، تو اسے دو
ہزار روپے کا چورن والا جعلی نوٹ ملا۔ اس میں چلڈرن بینک بھی لکھا تھا۔
انہیں اے ٹی ایم سے 2000 روپے نکالنے کی سلپ بھی ملی اور ان کے اکاؤنٹ سے
2000 روپے کٹ بھی گئے۔
چندن نے اس کی شکایت فوری طور پر پولیس کو دی، جس کے بعد تفتیشی افسر نے
موقع پر
پہنچ کر اے ٹی ایم سے جعلی نوٹ نکالے۔ پولیس نے چندن کے بیان کی
بنیاد پر مقدمہ درج کر اے ٹی ایم کو سیل کر دیا ہے۔ پولیس اب معاملہ کی
جانچ کر رہی ہے۔فی الحال پولیس کا شک اے ٹی ایم میں روپے ڈالنے والے
کسٹوڈین پر ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے سنگم وہار میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے اے ٹی ایم
سے بھی چورن برانچ اور چلڈرن بینک کے 2000 روپے کے نقلی نوٹ نکلے تھے ۔ اس
معاملہ میں اے ٹی ایم کے کسٹوڈین محمد عیسی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس نے
بتایا تھا کہ وہ بچوں کے کھلونے فروخت کرنے کی ایک دکان سے جعلی نوٹ لایا
تھا۔ وہ نوٹ اس نے اے ٹی ایم میں ڈال دیئے۔